لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارش سے سردی میں اضافہ

02-01-2024

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امرسدھو، گجومتہ اور کاہنہ کے اطراف میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔ اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، کلمہ چوک میں بھی جم کر بادل برسے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں اسلام آباد، فیصل آباد، صفدر آباد، گجرات، شرقپور شریف، جہلم، سانگلہ ہل اور منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف علاقے بھی بارش میں نہا گئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ دوسری جانب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری نے جاڑے کی شدت بڑھا دی۔ بالاکوٹ میں شوگران، سَری پائے پر پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، جھیل سیف الملوک لولوسر پر چار فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ مری اور گلیات میں شدید برفباری کے بعد مختلف راستوں پر بدترین ٹریفک جام سے سیاح، فیملیز اور بچے گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئے، مری ایکسپریس وے اور لوئر ٹوپہ سے سہر بگلہ تک سری نگر ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام میں کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ شدید برفباری اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔