ایل ڈی اے اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شہر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن

01-31-2024

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شہر بھر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

جوہر ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، پی آئی اے اور ملحقہ علاقوں میں ایک درجن سے زائد املاک کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران مین بلیوارڈ واپڈا ٹاؤن پر واقع نجی بینک کے  خلاف کارروائی کی گئی۔ پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں پلاٹ نمبر 80 سی ٹو پر غیرقانونی تعمیرات مسمار، پی آئی اے سوسائٹی میں غیرقانونی دکانیں گرا دی گئیں۔ جوہر ٹاؤن ایف بلاک میں غیرقانونی تعمیرات مسمار اور سربمہر، پنجاب یونیورسٹی سوسائٹی بلاک ڈی میں غیرقانونی تعمیرات مسمار، جوہر ٹاؤن کے مختلف بلاکس میں 6 جبکہ کیمپس ویو سوسائٹی میں دو پلاٹ سربمہر کر دیئے گئے۔ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زون فور احمد سعید سلطان نے کیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے ریٹی گن روڈ پر واقع تاریخی بریڈ لا ہال بلڈنگ میں دو کمرے مسمار کر دئیے۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عاصم اعجاز کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کی۔ بریڈ لا ہال بلڈنگ کی تاریخی اہمیت بحال کرنے کے لئے والڈ سٹی کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔