ایک لیڈر کو خوش کرنے کیلئے سزائیں دی گئیں: بیرسٹر گوہر

01-31-2024

(ویب ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ ظلم ہوا ہے، ایک لیڈر کو خوش کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سزائیں دی گئیں۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ کیس سے کوئی تعلق نہیں،احتساب عدالت نے ماضی میں ایسا فیصلہ کبھی نہیں دیا، 342 کے بیان میں ہم نے استدعا کی کہ ہم گواہ پیش کرنا چاہتے ہیں، لیکن عدالت کی جانب سے گواہ پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا،سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے ذاتی طور پر کوئی تحفہ نہیں لیا، کوشش کی گئی کہ ووٹر اور سپورٹرز مایوس ہوں، سزاؤں کا مقصد بانی پی ٹی آئی پر پریشر ڈالنا اور سیاست سے آؤٹ کرنا ہے، یہ پہلے بھی ناکام ہو چکے اور آئندہ بھی ہوں گے، یہ فیصلے نہیں رہیں گے، ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ سارے ورکرز سے اپیل ہے پرامن رہیں، عدلیہ پر یقین رکھیں یہ ججمنٹ ختم ہو گی، ووٹر اور سپورٹر صرف  8 فروری پر فوکس رکھیں۔