محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو گندم کی فصل پر سٹہ نکلتے وقت یوریا کھاد ڈالنے کی ہدایت

01-31-2024

(ویب ڈیسک) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی فصل پر سٹہ نکلتے وقت یوریا کھاد ڈالنے کی ہدایت کر دی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ گندم کی فصل چند روز بعد گوبھ پر آنے والی ہے لہذا کاشتکار سٹہ نکلتے وقت یوریا کھاد ڈالنے کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ جب گندم کا پودا سٹہ نکال رہا ہو تو کسان بھائیوں کو چاہئے کہ وہ اس وقت فی ایکڑ گندم کی فصل کو ایک بوری یوریا کھاد لازمی ڈالیں اور زیادہ فائدہ حاصل کرنے کیلئے یوریا کھاد کی بوری کو جہاں کھال سے پانی کھیت میں جاتا ہے وہاں اس جگہ رکھ دیں اس طرح وہ کھاد اس پانی میں حل ہو کر پورے کھیت میں چلی جائیگی اور ساری فصل کو اس سے تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کھاد کو دینے کا فائدہ یہ ہو گا کہ سٹہ مضبوط نکلے گا اور دانہ موٹا ہو گا، اس طرح گندم کی پیداوار زیادہ ہو گی تو کسان خوشحال ہو گا، اگر کسان خوشحال ہو گا تو ملک میں بھی نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ ملک کی غذائی ضروریات کو بھی احسن انداز میں پورا کیا جا سکے گا۔