شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش، دھند میں نمایاں کمی
01-31-2024
لاہور: (سامیا سعید) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے۔
لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی اور باغبانپورہ میں بارش ہوئی، مغل پورہ، گوالمنڈی، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا کے اطراف بھی رم جھم ہوئی، چوبرجی، انارکلی ،مزنگ، چونگی امرسدھو، گجومتہ اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں بونداباندی کے باعث دھند میں نمایاں کمی آگئی۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4 فروری تک برقرار رہے گا، صوبائی دارالحکومت میں 4 فروری تک وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12جبکہ زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آج سے 4 فروری کے دوران مری گلیات میں وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ علاوہ ازیں 2اور 3 فروری کو سندھ کے مختلف شہروں سکھر، لاڑکانہ ،کراچی ،جیکب آباد میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ظاہر کی جارہی ہےجبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 4 فروری کے دوران گلگت بلتستان ،وادی نیلم مظفرآباد ،میرپور خاص میں وقفے وقفے سے درمیانی سے موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مری ،گلیات ،سوات کوہستان میں درمیانی سے شدید بارش، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے، بارش اور برف باری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔