ملازم پر تشدد کا معاملہ،کنگ چارلس کی فلاحی تنظیم کا راحت فتح علی خان سے متعلق بڑا فیصلہ
01-30-2024
(ویب ڈیسک) برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی فلاحی تنظیم برٹش ایشین ٹرسٹ نے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے پر راحت فتح علی خان سے وابستگی ختم کردی۔
رپورٹ کےمطابق گھریلو تشدد سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والی بادشاہ چارلس کی فلاحی تنظیم برٹش ایشین ٹرسٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم بدسلوکی کے الزامات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، راحت فتح علی خان کی ملازم پر تشدد کرنے کی ویڈیو کی تحقیقات کریں گے اور کارروائی کریں گے۔ ٹرسٹ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ برٹش ایشین ٹرسٹ بدسلوکی کے خلاف ہے اور اس نے راحت کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق ختم کردیا ہے، ہم کسی بھی قسم کے تشدد کی سختی سے مذمت کرتے ہیں چاہے حالات کچھ بھی ہوں۔ واضح رہےکہ برٹش ایشین ٹرسٹ کی بنیاد کنگ چارلس سوم نے رکھی تھی اور2017 میں ٹرسٹ کے عشائیے میں راحت فتح علی خان کو اس کا سفیر مقرر کیا گیا تھا۔