عام انتخابات: مسلم کانفرنس کا آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حمایت کا اعلان

01-30-2024

(لاہور نیوز) آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس نے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی، ملاقات میں ن لیگ اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا، لیگی رہنما سعد رفیق اور ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس نے عام انتخابات کے دوران کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے سردار عتیق احمد خان، ان کی جماعت اور رہنماؤں کا سیاسی حمایت کے اعلان پر شکریہ ادا کیا، شہبازشریف نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی تحریک آزادی جموں وکشمیر کے لئے قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان مرحوم تحریک آزادی کے سرکردہ قائدین میں شمار ہوتے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور مسلم کانفرنس ایک ہی دھارے کے دو حصے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ ایک نظریہ رکھنے والی جماعتیں پھر سے ایک ہوگئی ہیں، دونوں جماعتوں کے اتحاد سے جموں وکشمیر پر آوازمزید مضبوط اور توانا ہوگی،تنازع جموں وکشمیر کو زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔