نواز حکومت کا تختہ الٹا تو کرپشن کم، بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن بڑھی: شہباز شریف

01-30-2024

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف حکومت کا تختہ الٹا تو کرپشن کم تھی، بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن بڑھ گئی۔

مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے این اے 127 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور والو! آپ جانتے ہو میں تو میرٹ کا بندا ہوں، لیپ ٹاپ سکیم ہو، بھرتیوں کا معاملہ ہو میں میرٹ سے ہٹ کر کام نہیں کرتا، پہلی مرتبہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے اس جملے کو لے کر میرا بہت مذاق اڑایا گیا، اللہ کے فضل سے نواز شریف کی قیادت میں لاہور کو خوبصورت شہر بنا کر دکھایا، پھر وہ دور بھی آیا جب اس لاہور شہر کو اجاڑ دیا گیا، موقع ملا تو غریب، نادار اور مستحق مریضوں کو مفت ادویات ملیں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ثبوت ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن زیادہ ہوئی، یہ مجمع گواہی دے رہا ہے 8 فروری کا سورج ن لیگ کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ اس مرتبہ نواز شریف کا منصوبہ یہ ہے کہ بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم دی جائے گی، ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس، نوجوان نسل ملک کا سرمایہ ہیں، 8 فروری کو ہیر پھیر نہیں چلے گا، شیر کو ووٹ ڈالنا ہے۔