عام انتخابات: مسلم کانفرنس کا آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حمایت کا اعلان

01-30-2024

(لاہور نیوز) آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس نے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی، ملاقات میں ن لیگ اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا، لیگی رہنما سعد رفیق اور ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے عام انتخابات کے دوران کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے سردار عتیق احمد خان، ان کی جماعت اور رہنماؤں کا سیاسی حمایت کے اعلان پر شکریہ ادا کیا، شہباز شریف نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی تحریک آزادی جموں و کشمیر کے لئے قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان مرحوم تحریک آزادی کے سرکردہ قائدین میں شمار ہوتے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور مسلم کانفرنس ایک ہی دھارے کے دو حصے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ ایک نظریہ رکھنے والی جماعتیں پھر سے ایک ہو گئی ہیں، دونوں جماعتوں کے اتحاد سے جموں وکشمیر پر آواز مزید مضبوط اور توانا ہو گی، تنازع جموں و کشمیر کو زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے سردار عتیق احمد خان کی سیاسی و قومی خدمات کو بھی سراہا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا کر آپ نے سچے محب وطن ہونے کا ثبوت دیا، ایک سٹیٹس مین ہی وقتی سیاسی فائدے کے بجائے ریاست اور قوم کے طویل المدتی مفاد میں فیصلوں کی جرات رکھتا ہے۔