جماعت اسلامی کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی فیصل آباد سے جواب طلب

01-30-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جماعت اسلامی کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی فیصل آباد سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس  علی باقر نجفی نے رہنما جماعت اسلامی محبوب الزمان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جماعت اسلامی نے 23 جنوری کو ڈی سی فیصل آباد کو جلسے کے لیے خط لکھا، جب ہم نے درخواست دی تو یقینی بنایا کہ کسی دوسری سیاسی جماعت نے 2 فروری کے لیے جلسے کی اجازت نہیں مانگی۔ درخواست گزار نے کہا کہ 24 جنوری کو ڈی سی فیصل آباد نے معاملہ سی پی او آفس ریفر کر دیا، 24 جنوری کو ڈی سی فیصل آباد سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کسی دوسری سیاسی جماعت کے جلسے کی کوئی بات نہیں کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ اب مسلم لیگ ن کو 2 فروری کے لیے جلسے کی اجازت دی گئی ہے، مسلم لیگ ن کیجانب سے ڈی سی فیصل آباد کو 20 جنوری کی درخواست ظاہر کی گئی ہے، مسلم لیگ ن کی درخواست پر کوئی ڈائری نمبر نہیں، درخواست پچھلی تاریخ میں ظاہر کی گئی ہے۔  درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت جماعت اسلامی کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے۔ عدالت نے معاملے پر ڈی سی فیصل آباد سے جواب طلب کرتے  ہوئے درخواست پر مزید سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی۔