نامور اداکارہ نیلو بیگم کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے

01-30-2024

(لاہور نیوز) لاکھوں پرستاروں کے دلوں پر راج کرنے والی نامور پاکستانی اداکارہ نیلو بیگم کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے۔

نیلو بیگم 30 جون 1940 کو سرگودھا کے نواحی قصبے بھیرہ کے مسیحی خاندان میں پیدا ہوئیں، انہوں نے 16 برس کی عمر میں لاہور میں فلمائی گئی فلم ’بھوانی جنکشن‘ سے فنی زندگی کا آغاز کیا، نیلو کی مقبولیت 1960ء میں عروج پر تھی، ان کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے فلموں میں رقص کرنے سے انکار کردیا تھا۔ معروف اداکارہ نے سپرہٹ فلم "سات لاکھ" کے گانے "آئے موسم رنگیلے سہانے"سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا اور پیچھے مڑ کر نہ دیکھا، اداکارہ کو فلم "زرقا"  میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا،اس محنت کی بدولت وہ نیلو کہلائیں۔ نیلو بیگم نے اپنے فنی کیریئر میں دوشیزہ، عذرا، زرقا، بیٹی، ڈاچی، جی دار، شیر دی بچی اور ناگن جیسی سپرہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر لاکھوں پرستاروں کے دلوں پر راج کیا۔ کیتھولک مسیحی خاندان سے تعلق رکھنی والی معروف اداکارہ  نیلو کا اصل نام سنتھیا الیگزینڈر فرنینڈس تھا، انہوں نے  فلم ڈائریکٹر اور سکرین رائٹر ریاض شاہد سے شادی کی  اوراپنی خاندانی روایت کو ترک کرکے اسلام قبول کر کے اپنا نام عابدہ ریاض رکھ لیا۔ وہ اداکار شان شاہد کی والدہ تھیں، اداکارہ نیلو طویل عرصہ کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 30 جنوری 2021 کو اس جہان فانی سے رخصت ہو گئیں۔