نگران وزیر اعلیٰ کا دربار بی بی پاکدامن کا دورہ، سڑک کی تعمیر کا جائزہ
01-30-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر دربار بی بی پاکدامن سے ایمپرس روڈ تک 20 فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر شروع کر دی گئی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے دورہ کر کے بی بی پاکدامن کو براہ راست ایمپرس روڈ سے منسلک کرنے والی سڑک کی تعمیر کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا، محسن رضا نقوی نے دو دن میں راستے میں حائل تمام عمارتوں کا ملبہ ہٹا کر راستہ صاف کرنے کی ہدایت بھی کی۔ بی بی پاکدامن کے توسیعی پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے ایمپرس روڈ سے دربار کو براہ راست منسلک کرنے کا اعلان کیا تھا، تقریباً ایک کلو میٹر طویل راستے کو کشادہ کر کے کارپٹڈ سڑک بنائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے ایمپرس روڈ سے بی بی پاکدامن کو ملانے والی سڑک کا خود پیدل وزٹ کر کے جائزہ لیا، انہوں نے مزار بی بی پاکدامن پر حاضری دی اور دعا بھی کی، وزیر اعلیٰ نے ایمپرس روڈ کے انٹری پوائنٹ پر پارکنگ کیلئے جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی۔ محسن رضا نقوی نے دربار بی بی پاکدامن کمپلیکس کے داخلی راستے کی بہترین فنشنگ کرنے کا حکم دیا، وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری سی این ڈبلیو کو فنشنگ کے کام کی خود مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔