بیلٹ پیپرز کی چھپائی 2 فروری تک مکمل ہو جائے گی: الیکشن کمیشن

01-29-2024

(لاہور نیوز) ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کی تیاریاں تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام سرکاری پریسوں میں تسلی بخش طریقے سے جاری ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 16 جنوری سے شروع ہوا تھا، سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی مدد سے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام چاروں صوبوں میں شروع ہو چکا، بیلٹ پیپرز کی ترسیل سڑک اور ہوائی دونوں ذریعوں سے جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 2 فروری تک مکمل ہو جائے گی، اب تک 9 لاکھ 76 ہزار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار کی تربیت مکمل ہو چکی، بقیہ عملے کی تربیت اگلے چار دن میں مکمل ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے کراچی میں دو سیاسی جماعتوں کے مابین تصادم اور فائرنگ، صوابی میں پوسٹل بیلٹ پیپرز چھیننے کا نوٹس لے لیا، چیف سیکرٹریز اور آئی جیز سے واقعات کی رپورٹ طلب کر لی، واقعات میں ملوث افراد کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج اور قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کر دی۔