آئی جی پنجاب کے احسن اقدامات، 16 پولیس شہدا کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم

01-29-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

2017 سے قبل کے پولیس شہدا کے اہلخانہ کو چھت کی فراہمی کیلئے سینٹرل پولیس آفس میں تقریب ہوئی۔ ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے 16 پولیس شہدا کے ورثا نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا کے اہلخانہ کو پلاٹس کے کاغذات دیئے اور کہا588 شہدا کے اہل خانہ کیلئے پلاٹس کا انتظام ہو چکا ، 430 کو کاغذات دے دیئے، لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 9 اہلکاروں کے طبی اخراجات کیلئے مزید 17 لاکھ روپے جاری کر دیئے۔ لاہور کے ہیڈ کانسٹیبل فہیم سلیم، کانسٹیبل محمد اورنگ زیب اور سب انسپکٹر محمد افضل کو علاج کیلئے تین تین لاکھ روپے دئیے گئے۔ اے ایس آئی طارق محمود اور ہیڈ کانسٹیبل عثمان امانت کو دو دو لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شکایات بھی سنیں۔ مرحوم کانسٹیبل افتخار احمد کے بیٹے اور سب انسپکٹر صغیر احمد کی بیٹی کی جونیئر کلرک بھرتی کی درخواستیں کارروائی کیلئے بھجوا دیں۔