سوئی گیس ٹیرف میں اضافہ، درخواست گزار کو نظر ثانی کیلئے اوگرا سے رجوع کی ہدایت

01-29-2024

(لاہور نیوز) سوئی گیس کے ٹیرف میں اضافے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو نظر ثانی کے لئے اوگرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

سوئی گیس کے ٹیرف میں اضافے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گیس کے ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، اوگرا نے چھوٹے ہوٹلز اور ٹی سٹالز کو بھی فیکٹریوں اور بڑے مالز کی فہرست میں شامل کر دیا ہے، ٹی سٹال اور چھوٹے ہوٹلوں سے فی یونٹ 1650 روپے وصول کئے جاتے تھے جو فی یونٹ بڑھا کر 3900 روپے کر دیئے گئے ہیں، اسی طرح آئس فیکٹری سے فی یونٹ 3900 روپے اور جنرل انڈسٹری سے 2200 روپے فی یونٹ وصول کئے جا رہے ہیں، عدالت اوگرا کے جاری نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کی پالیسی کے خلاف درخواست گزار اوگرا میں نظر ثانی کی درخواست دائر کریں۔ عدالت نے درخواست گزار کو نظر ثانی کے لئے اوگرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔