مسلم لیگ ن ہاؤس جلانے کا کیس: صنم جاوید کی ضمانت منظور، ایک اور مقدمے میں گرفتار

01-29-2024

(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے مسلم لیگ ن ہاؤس جلانے کے کیس میں صنم جاوید اور محمد تنویر کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے فیصلہ سنایا۔  عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ صنم جاوید اور محمد تنویر کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ہے، ملزمہ کے وکیل کے مطابق صنم جاوید کو چھ ماہ بعد اس مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر عبد الجبار ڈوگر نے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ  ملزمہ صنم جاوید نے عوام کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسایا۔ خیال رہے کہ ملزمہ صنم جاوید کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کا مقدمہ درج ہے۔ بعدازاں پولیس نے صنم جاوید کو تھانہ شادمان میں درج مقدمے میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق صنم جاوید کو دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزمہ کو انویسٹی گیشن پولیس نے حراست میں لیا، صنم جاوید کو تھانہ شادمان منتقل کیا جائے گا۔