راحت فتح علی خان کا ملازم پر تشدد کا معاملہ،گلوکار پر سرحد پار سے بھی تنقید شروع

01-28-2024

(ویب ڈیسک) بھارتی گلوکارہ چنمئی سری پدا نے عالمی راحت فتح علی کی ملازم پر بدترین تشدد کرنے کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے گلوکار پر شدید تنقید کی ہے۔

گلوکارہ چنمئی سری پدا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ “راحت فتح علی خان جیسی نامور شخصیات عوام کےسامنے خود کو مہربان اور نرم مزاج انسان دکھاتی ہیں جس کی وجہ سے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ یہ اصل زندگی میں لوگوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کرتے ہیں”۔ اُنہوں نے کہا کہ “اگر یہ کیمرے پہلے کے زمانے میں بھی موجود ہوتے تو جن لوگوں کو ہم نام نہاد عظیم کے طور پر مناتے ہیں، اُن کے اصل چہرے عوام کے سامنے لائے جاسکتے تھے”۔آخر میں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کے اپنے ملازم پر تشدد کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “یہ ہولناک ہے”۔ واضح رہے کہ 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔