راحت فتح علی خان کا ملازم پر تشدد کا معاملہ،برٹش ایشیا ٹرسٹ بھی میدان میں آگیا

01-28-2024

(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی جانب سے ملازم پر بدترین تشدد کے معاملے پر برٹش ایشیا ٹرسٹ کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔

تفصیلات کےمطابق سال 2007 میں کنگ چارلس سوئم نے برٹش ایشیا ٹرسٹ قائم کیا تھا، یہ ادارہ گھریلو تشدد کے خلاف سرگرم ہے اور میوزک اسٹار راحت فتح علی خان اس ادارے کے سفیر ہیں۔راحت فتح علی خان برٹش ایشیا ٹرسٹ کے سفیر کی حیثیت سے کئی بارشاہ چارلس سے ملاقات بھی کرچکے ہیں،یہ برطانوی ادارہ پاکستان اور بھارت میں ذہنی صحت کے اقدامات چلاتا ہے اور غربت سے نمٹنے میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اب راحت فتح علی خان کے اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد برٹش ایشیا ٹرسٹ کا گلوکار کے خلاف سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق برٹش ایشیا ٹرسٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم راحت فتح علی خان کے ملازم کے ساتھ بدسلوکی کے تمام الزامات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور  ہم اس سنگین معاملے کا فوری جائزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔