بشریٰ اقبا ل نے اپنی تعلیمی کامیابی مرحوم عامر لیاقت حسین کے نام کردی
01-28-2024
(ویب ڈیسک) مرحوم عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے تعلیمی میدان میں اپنی کامیابی کو سابق شوہر کے نام کردیا۔
رپورٹ کےمطابق بشریٰ اقبال نے 2 سال قبل جامعہ کراچی سے قرآن و سنت میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے دو سال قبل جامعہ کراچی نے طالب علموں کے لیے کونووکیشن کا انعقاد نہیں کیا تھا اور شیخ الجامعہ نے اپنے آفس بلا کر ہی تمام طالب علموں کو اسناد دے دی تھیں۔ اب دو سال بعد جامعہ کراچی نے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لیے کونووکیشن کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں دیگر طالب علموں سمیت بشریٰ اقبال کو پی ایچ ڈی کی سند سے نوازا گیا۔اس حوالے سے بشریٰ اقبال نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے فلسطینی اسکارف بھی پہنا ہوا ہے۔ بشریٰ اقبال نے کہا کہ “الحمدللہ! آج میں نے باضابطہ طور پر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر مسٹر خالد عراقی سے قرآن و سنت میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی “۔بشریٰ اقبال نے کہا کہ “میں یہ ڈگری اپنے پیارے مرحوم والدین اور اپنے سابق شوہر مرحوم عامر لیاقت حسین کے نام کررہی ہوں جنہوں نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا اور میری حوصلہ افزائی کی”۔ یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے اپنی پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ کو سال 2020 میں طلاق دے دی تھی ۔