اورنج ٹرین کے مسافر اپنی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے خوار ہونے لگے

01-28-2024

(لاہور نیوز) اورنج ٹرین کے مسافر اپنی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے جائیں تو جائیں کہاں؟میٹرو ٹرین کے بیشتر سٹیشنز پر تو پارکنگ فراہم ہی نہیں کی گئی اور جہاں پارکنگ موجود ہے وہاں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ملازمین نے قبضہ جما لیا۔

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ملازمین نے دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئےعوامی پارکنگ کے لیے مختص جگہ کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ اورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز کے باہر مسافروں کی سہولت کے لیے پارکنگ کا انتظام کیا گیا، اورنج ٹرین کے 15 سٹیشنز پر اتھارٹی ملازمین نے نو گو ایریا بنا دیا، مسافروں کو اپنی بائیکس اور گاڑیاں کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔  صلاح الدین میٹرو سٹیشن پر پارکنگ کے بجائے مسافر سڑک پر ہی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کرنے لگے، عدم پارکنگ والے سٹیشنز  پر لڑائی جھگڑے کے واقعات رونما ہونا معمول بن گیا۔ اورنج ٹرین کے صرف دو سٹیشنز علی ٹاؤن اورجی پی او پر گاڑیوں کی پارکنگ  کا انتظام کیا گیا،  باقی 24 سٹیشنز پر گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے کوئی جگہ مختص نہیں،باقی ماندہ سٹیشنز کے ریمپ پر ہی بائیکس کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔ لاہور نیوز کی نشاندہی پر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ایکشن لیتے ہوئے سکیورٹی کمپنی سے وضاحت طلب کرلی۔