این اے 126: چار امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع

01-28-2024

(لاہور نیوز) لاہور کے حلقہ این اے 126 میں چار امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

لاہور کے حلقہ این اے 126 سے مسلم لیگ ن کی جانب سے شیر کے نشان پر ملک سیف الملوک کھوکھر انتخابی میدان میں ہیں، پیپلز پارٹی کے امجد علی جٹ،  جماعت اسلامی کے امیر العظیم جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ملک توقیر کھوکھر انتخابی ریس میں دوڑ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے ملک کرامت کھوکھر کے بیٹے ملک توقیر کھوکھر پیالہ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ این اے 126 میں کُل ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 49 ہزار 636 ہے،حلقہ این اے 126 میں زیادہ تر پوش ہاؤسنگ سوسائٹیاں ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 میں واقع ٹھوکر نیاز بیگ کا  علاقہ مسائلستان بن چکا ہے،ٹھوکر نیاز بیگ چوک سے کٹار بند روڈ سیوریج اور گندگی کے مسائل سے دو چار ہے جبکہ منصورہ بازار میں بھی  تجاوزات کی بھرمار ہے۔ حلقے کے عوام کا  ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ہے،لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں قبرستان کی جگہ موجود نہیں ہے، عرصہ درازسے  گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔