مناظرے کا چیلنج کرنے والے ابھی اتنے بڑے نہیں ہوئے: عطا تارڑ

01-28-2024

(لاہور نیوز) حلقہ این اے 127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مناظرے کا چیلنج کرنے والے ابھی اتنے بڑے نہیں ہوئے۔

ٹاؤن شپ میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنماعطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کراچی کے ایک وڈیرے نے لاہور کا رخ کرلیا ہے،  نواز شریف نے اپنا  ایک کارکن وڈیرے کے مقابلے میں اتارا ہے، پیپلز پارٹی والوں نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگایا تھا مگر لوگوں سے پانی بھی چھین لیا، بلاول بھٹو نے 300یونٹ مفت تو کیا 300روپے بھی عوام کی جیبوں سے نکال لینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ترقیاتی کام صرف ن لیگ کے نظر آئیں گے، پچھلے 5سالوں میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی کہیں نہیں مل رہے، نوازشریف جب بھی آتے ہیں نئے پراجیکٹ شروع کرتے ہیں۔ عطا تار ڑ کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہی معیشت کا پہیہ چلانے میں ماہر ہیں، 9مئی والوں کے ایک ایک حلقے میں 2،2 امیدوار ہیں، وہ جو کہتے تھے کچھ نہیں ہوگا اب روتے ہیں تو چپ نہیں ہوتے، وہ 9مئی والے ہیں ہم 28 مئی والے ہیں، نوازشریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا ، قائد ن لیگ نے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا۔ عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک کی معیشت سنواریں گے، موٹروے ،میٹرو بس ن لیگ کے ہی کارنامے ہیں ، نوازشریف چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بننے جارہے ہیں۔