ملازم کو مارنے کی ویڈیو پر مشی خان نے راحت فتح علی خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا

01-28-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ مشی خان نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کی وائرل ویڈیو پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ اپنے ملازم کو پیر صاحب کے دم کیے ہوئے پانی کی بوتل کے گم ہو جانے پر بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بعد ازاں راحت فتح علی خان کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا یہ استاد اور شاگرد کا معاملہ ہے، میں نے اس واقعہ کے فوری بعد ملازم سے معافی مانگ لی تھی۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے راحت فتح علی خان پر سخت تنقید کی۔ اداکارہ نے کہا کہ راحت فتح علی خان صاحب آپ مشہور زمانہ گلوکار ہیں، آپ کے پاس ان گنت پیسہ ہے اور آپ کی بوتل مجھے لگ رہا ہے یہ کوئی ’شہد کی بوتل‘ ہے جس کے پیچھے آپ اپنے سٹاف کو جانوروں کی طرح مار رہے ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ آپ کو شرم نہیں آتی، آپ ایسی گھٹیا حرکتیں کرتے ہیں، آپ کے پاس اتنا پیسہ ہے آپ کی جو بھی شہد کی بوتل غائب ہوئی ہے اس کے بدلے میں آپ 10 کریٹ شہد کی بوتلوں کے خرید سکتے ہیں، آپ ایک بوتل کیلئے ایسا کر رہے ہیں، یہ دل ہے آپ کا، آپ کیسے کسی کی انسانی بنیادوں پر مدد کرتے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے آپ لوگوں کو اتنی عزت دی ہے وہ سنبھالی نہیں جا رہی، کوئی نہ کوئی چکر آپ کا سامنے آتا رہتا ہے اور اس ویڈیو کو دیکھ کر تو میں دنگ ہی رہ گئی ہوں، آپ اتنے ظالم ہیں، شرم آنی چاہیے آپ کو۔