حکومت پنجاب کے وزارتی وفد کی ٹورنٹو میں سکھ کمیونٹی سے ملاقات

01-28-2024

( لاہور نیوز)حکومت پنجاب کے تین رکنی وزارتی وفد نے ٹورنٹو میں سکھ کمیونٹی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مختلف امور پر دو طرفہ تبادلہ خیال کیا گیا اور کینیڈین سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں کو دورہ پنجاب کا دعوت نامہ بھی دیا گیا ،وفد میں وزیر تجارت ایس ایم تنویر، وزیر تعلیم منصور قادر اور وزیر سیاحت عامر میر شامل تھے۔ وفد نے سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں کو وزیراعلیٰ محسن نقوی کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں کینیڈا اور پاکستان کے مابین مذہبی سیاحت اور تجارت کے فروغ کیلئے قابل عمل اقدامات کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سکھ کمیونٹی نے وزارتی وفد کی ننکانہ صاحب اور کرتارپور میں فائیو سٹار ہوٹلز بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا۔وفد نے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے بنائے گئے خصوصی ٹورازم پورٹل کے آغاز کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں ۔ وفد نے مزید بتایا کہ پورٹل کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتری مکمل ٹورازم پیکج حاصل کر سکیں گے، ٹورازم پیکج کے تحت سکھ یاتریوں کے لیے ریاستی سکیورٹی بھی فراہم ہو گی۔