بلال سعید نے کنسرٹ کےدوران مداحوں کو مائیک کیوں مارا تھا؟گلوکار نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا

01-27-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار بلال سعید نے لائیو کنسرٹ کے دوران مداحوں کو مائیک مارنے کی وجہ بتا دی۔

رپورٹ کے مطابق بلال سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ اسٹیج میرے لیے کُل کائنات کی حیثیت رکھتا ہےاورمیں اپنے مداحوں کے سامنے پرفارم کرتے ہوئے خود کوزندہ دل محسوس کرتا ہوں۔گلوکار نے کہا کہ جب اسٹیج پر پرفارم کرتا ہوں تو ذہنی تناؤ بھول جاتا ہوں اور تمام تر پریشانیوں کو پیچھے چھوڑ کر مداحوں کے سامنے پرفارم کرتا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ دورانِ پرفارمنس مجھ سمیت ہر ایک فنکارپراسٹیج کا احترام کرنالازم ہےاور میں کبھی بھی اس چیز پر سمجھوتہ نہیں کرتا، میں اپنے مداحوں سے بھی بہت محبت کرتا ہوں۔بلال سعید نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ جب دوران کنسرٹ شرکاء نے کوئی بدتمیزی کی ہو لیکن میں نے اس بدتمیزی پر جو ردعمل دیا ہے وہ پہلی بار ہواہے جو کہ میری غلطی ہے۔ گلوکار نے مزید کہا کہ مجھے اپنے غصے پر قابو رکھنا چاہیے تھا اور اسٹیج چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے تھا کیونکہ اسٹیج کا احترام مجھ پر لازم ہے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بلال سعید کے میوزک کنسرٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے اچانک غصے میں آگئے تھے اور اُنہوں نے اپنے ہاتھ میں موجود مائیک کنسرٹ کے شرکاء کی جانب دے مارا تھا۔