8 فروری کو شیر شکار کرے گا، لوگوں نے اپنے ووٹ سے ثابت کرنا ہے: شہباز شریف
01-27-2024
(ویب ڈیسک) صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو شیر شکار کرے گا، لوگوں نے اب اپنے ووٹ سے ثابت کرنا ہے۔
انتخابی مہم کے حوالے سے راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتاؤ پچھلی حکومت نے کیا کیا؟انہوں نے گالم گلوچ کے علاوہ قوم کو کچھ نہیں دیا، نواز شریف نے جو وعدے کئے وہ پورے کئے، نواز شریف نے راولپنڈی میں میٹرو بنانے کا اعلان کیا، میٹرو کے بعد جو حکومت آئی اس نے راولپنڈی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آ کر عوام کی قسمت بدل دیں گے، نواز شریف کو موقع دیا تو راولپنڈی میں بلیو ٹرین چلائیں گے، یہاں بجلی پر چلنے والی بسیں لائیں گے، راولپنڈی کیلئے 30 ارب روپے سے پانی کا منصوبہ لا رہے ہیں، رنگ روڈ راولپنڈی کیلئے تحفہ ہے جو جلد مکمل کیا جائے گا۔ مرکزی رہنما ن لیگ کا کہنا تھا نواز شریف نے لوگوں کی خدمت کی، بعد کی حکومتوں نے انہی کے منصوبوں پر تختیاں لگائیں جن کو خدمات پسند نہ آئیں انہوں نے نواز شریف کی حکومت ختم کر دی، 8 فروری کو شیر شکار کرے گا لوگوں نے اب ثابت کرنا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8 فروری والے دن ان سب کو پتہ چل جائے گا کس نے خدمت کی اور کس نے دھوکا دیا، راولپنڈی کے لوگ سب جانتے ہیں آپ نے شیر کو ووٹ دینا ہے۔