منشور کوئی کاغذ کا ٹکڑا نہیں، آپ سے کیا ہوا سچا وعدہ ہوتا ہے: مریم نواز

01-27-2024

(ویب ڈیسک) چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ منشور کوئی کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتا، منشور آپ سے کیا ہوا سچا وعدہ ہوتا ہے، نواز شریف نے کوئی ایسا وعدہ کیا جو نہ نبھایا ہو؟

مرکزی رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ مانسہرہ کے جلسے کے بعد پیغام ملا ایبٹ آباد والے بلا رہے ہیں، آج سارے کام چھوڑ کر ایبٹ آباد بھاگی آئی ہوں، آپ سب بہن بھائیوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 22،22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، 2013 میں ہر طرف دہشتگردی تھی، نواز شریف نے ہر طرف سے دہشتگردی ختم کی، نواز شریف نے کہا تھا ہزارہ موٹروے بناؤں گا، انہوں نے بنائی، منشور وہ نہیں ہوتا جو ویب سائٹ پر جاری کر دو، ہم نے بہت محنت سے منشور بنایا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف مسلم لیگ ن کا منشور دے رہے تھے میں ساتھ ان کے بیٹھی تھی، میں نے یہ کبھی گستاخی نہیں کی کہ میاں صاحب کی تقریب کے دوران اٹھ کر چلی جاؤں، نواز شریف نے پلان بنا لیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپس کیسے دینے ہیں۔ انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کے لوگوں نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے، ووٹ کوئی پرچی نہیں آپکی تقدیر کا فیصلہ ہے، خیبر پختونخوا والو خدا کے واسطے اس بار سوچ سمجھ کر ووٹ دینا، آپکا ووٹ خیبر پختونخوا کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، آپ نے شیر پر اتنی مہریں لگانی ہیں کہ شیر حکومت میں آکر آپکی خدمت کیلئے دن رات کام کرے، آپ موقع دیں ہم نوجوانوں کی تقدیر بدلیں گے۔