مہنگائی سے عام آدمی کا برا حال، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے دور
01-27-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی سے عام آدمی کا برا حال ہے۔ سبزیاں اور پھل بڑھتی قیمتوں کے سبب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئے۔
حکومت اور انتظامیہ مہنگائی مافیا کو لگام ڈالنے میں ناکام رہی۔ مہنگائی سے لوگوں کی قوتِ خرید دن بدن سکڑنے لگی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے نرخ بڑھ گئے۔ ٹماٹر 5 روپے مہنگا کر کے سرکاری قیمت 120 روپے کلو مقرر، مارکیٹ میں 160 روپے فی کلو تک بیچے جا رہے ہیں۔ لہسن 720 ، ادرک 650 ، پیاز 220 ، سبز مرچ 170 روپے کلو میں فروخت، مٹر 300 ، شملہ مرچ 290 ، بینگن اور گوبھی 150 روپے کلو بکنے لگے۔ برائلر معمولی سا سستا ہو کر بھی غریب کی پہنچ سے بدستور دور ہے۔ مرغی کا گوشت 7 روپے سستا، فی کلو قیمت 644 روپے ہو گئی۔ فارمی انڈوں کی قیمت 416 روپے فی درجن پر برقرار ہے۔ پھل بھی عام آدمی کی پہنچ میں نہ رہے۔ مارکیٹ میں اناربدانہ 950 ، کھجور ایرانی 600 ، سیب 440 اور امرود 180 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ شہری کہتے ہیں ہر طرف مہنگائی ہے، دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہو گیا ہے۔