پنجاب پولیس کو الیکشن ڈیوٹی کے لئے 1 ارب 19 کروڑ روپے کے فنڈز جاری
01-27-2024
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کو الیکشن ڈیوٹی کے لئے 1 ارب 19 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے۔
پٹرول کی مد میں 53 کروڑ 30 لاکھ، کھانے پینے کے لئے 13 کروڑ 30 لاکھ کے فنڈز ملے۔ 35کروڑ سے زائد کے فنڈز سپیشل فورس کی عدم تعیناتی پر دیگر ہیڈز میں خرچ کئے جائیں گے۔ لاہور پولیس کو 11 کروڑ کے فنڈز سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے جاری ہوئے ہیں۔ فیصل آباد 5 کروڑ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کو اڑھائی اڑھائی کروڑ کے فنڈز جاری کئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے الیکشن ڈیوٹی کے دوران ویلفیئر کا بھرپورخیال رکھنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب عام انتخابات 2024ء کے پُر امن انعقاد کے حوالے سے اعلیٰ پولیس افسران کا اجلاس ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی سکیورٹی نے سکیورٹی پلان بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپرز کی محفوظ ترسیل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ الیکشن مانیٹرنگ موبائل ایپ کے ذریعے الیکشن کے انعقاد میں مدد لی جائے گی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ انتخابات کے پُرامن انعقاد میں معاونت کی ذمہ داری کو بھرپور نبھایا جائے گا، الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپرز کی محفوظ ترسیل کیلئے بھرپور سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور، ڈی آئی جی سکیورٹی کامران عادل ، ڈی آئی جی ایڈمن منتظر مہدی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔