سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کیلئے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر

01-27-2024

(ویب ڈیسک) سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے لیے عدالت نے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کردیا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس کے سلسلے میں گزشتہ روز ہونے والی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزمان کی جانب سے کوئی بھی سینئر وکیل عدالت پیش نہیں ہوا۔ کیس کی سماعت ساڑھے 12 بجے دوبارہ شروع کی گئی تب بھی کوئی سینئر وکیل پیش نہ ہوا۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ حقائق و حالات کے پیش نظر اور ملزمان کے وکلا کو کئی مواقع فراہم کیے گئے۔ اس عدالت کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا کہ وہ ملزمان کے لیے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کرے۔  ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو ملزمان کی جانب سے نمائندگی کے لیے سٹیٹ  ڈیفنس کونسل مقرر کرنے کے لیے ای میل کے ذریعے وکیلوں کی فہرست طلب کی گئی ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے دفتر سے بذریعہ خط جواب دیا گیا۔ جس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے قابل وکلاء کے نام فراہم کیے، جو اب ملزمان بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے کیس کی نمائندگی کریں گے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ملک عبدالرحمٰن ایڈووکیٹ کو بانی پی ٹی آئی  کے لیے سٹیٹ  ڈیفنس کونسل مقرر کیا گیا ہے جبکہ حضرت یونس ایڈووکیٹ کو شاہ محمود قریشی کے لیے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں سٹیٹ کونسل ملزمان کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے گواہان پر جرح کریں گے۔