پنجاب میں نمونیہ بے قابو، مزید 7 بچے جاں بحق

01-27-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں نمونیہ کی وبا بے قابو ہوگئی ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 7 بچے جان کی بازی ہارگئے۔

شدید اور خشک سردی سے نمونیہ کے باعث بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے،  24گھنٹوں کے دوران لاہور کے میو ہسپتال میں ایک بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ گزشتہ 7 روز کے دوران لاہور میں  7بچے نمونیہ کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 212نمونیہ کے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ صوبائی دارالحکومت میں اب تک نمونیہ سے انتقال کرجانیوالے بچوں کی تعداد 50ہوگئی ہے ۔ پنجاب میں نمونیہ کے باعث  7بچے جاں بحق ہوئے، جن میں دو گوجرانوالہ، 2 شیخوپورہ، ایک بہاولپور، ایک راولپنڈی اور ایک لاہور میں انتقال کرگئے۔ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 942 کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نمونیہ کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بڑی وجہ رواں سال موسمِ سرما میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی سموگ بھی ہے۔ نمونیہ پھیپھڑوں کے اندر انفیکشن کو کہا جاتا ہے، اس کے زیادہ تر کیس وائرس کی وجہ سے ہوتے ہیں اور یہ نزلہ و زکام کی علامات کے بعد ظاہر ہو سکتا ہے ، نمونیہ ہلکا یا سنگین ہو سکتا ہے، عام طور پر 5 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں میں زیادہ عام ہوتا ہے۔ نمونیہ اگر کسی صحت مند انسان کو ہو تو وہ اس کا مقابلہ با آسانی کرسکتا ہے مگر بچوں کے لیے اس سے نمٹنا بعض اوقات انتہائی مشکل ہوجاتا ہے ، بچوں کو نمونیہ ہونے کی وجوہات میں انہیں دودھ پلانے کی کمی، آلودگی، غذائیت کی کمی، ٹھنڈ میں زیادہ دیر تک رہنا اور کمزور مدافعتی نظام شامل ہے۔