ن لیگ آج راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں سیاسی میدان سجائے گی

01-27-2024

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن آج راولپنڈی کے لیاقت باغ میں انتخابی جلسہ کرے گی، جلسے کیلئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا۔

صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شہباز شریف جلسے سے خطاب کریں گے، جلسے کیلئے 2 ہزار اہلکار و افسران ڈیوٹی سر انجام دیں گے، سٹیج اوراطراف کی سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی انتظامات ترتیب دیئے گئے ہیں۔ مری روڈ کو تمام اطراف سے کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا، راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کمیٹی چوک، فوارہ چوک، تاج کمپنی چوک، مریڑ چوک اور مختلف مقامات سے بھی راستے بند ہونے سے ٹریفک روانی متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن آج ایبٹ آباد میں بھی سیاسی میدان لگائے گی۔ حلقہ این اے 17 کے کالج گراؤنڈ میں جلسے کیلئے سٹیج تیار کر لیا گیا، کرسیاں بھی لگا دی گئیں، چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز جلسے سے خطاب کریں گی۔ علاوہ ازیں رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف لاہور میں اپنے حلقہ این اے 118 میں ریلی کی قیادت کریں گے۔