پاکستان کا غزہ بارے عالمی عدالت اںصاف کے فیصلے کا خیر مقدم

01-26-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کی جانب سے غزہ کے لئے عبوری حکم کا خیرمقدم کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی عدالت نے قرار دیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا اختیار رکھتی ہے، سات اکتوبر 2023ء سے اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیوں میں مصروف ہے، ہم عالمی عدالت کے فیصلے کو بروقت اور فلسطینی عوام کے لئے انصاف کے حصول کے لئے اہم سنگ میل سمجھتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو اسرائیل کے بین الاقوامی احتساب کے لئے بھی ایک اہم سنگ میل سمجھتے ہیں، پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے لئے اقدامات کرے، غزہ کے عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے کے لئے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے۔