انسداد پولیو کیلئے عالمی برادری کے کردار کو سراہتے ہیں: انوار الحق کاکڑ
01-26-2024
(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسداد پولیو کے لئے عالمی برادری اور ترقیاتی اداروں کے کردار کو سراہتے ہیں۔
نگران وزیراعظم سے صدر روٹری انٹرنیشنل سٹیفینی ارچک کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، وفد میں تھامس انتھونی گمپ، محمد فیض قدوائی، عبد العزیز میمن اور مسرور شیخ بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو پاکستان سمارٹ ویلیج پروگرام اور انسداد پولیو کے حوالے سے روٹری انٹرنیشنل کی کارکردگی پرتفصیلی بریفنگ دی۔ انوار الحق کاکڑ نے روٹری انٹرنیشنل کی پہلی خاتون صدر سٹیفینی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک دی اور روٹری انٹرنیشنل کی پاکستان میں انسداد پولیو، تعلیم اور دیگر شعبوں کے لئے خدمات کو سراہا۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انسداد پولیو کے لئے عالمی برادری اور ترقیاتی اداروں کے کردار کو سراہتے ہیں، ہمارا عزم ہے ملک میں ہر بچہ پولیو سے محفوظ ہو، حکومت روٹری انٹرنیشنل کے پروگرامز میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، امید کرتے ہیں کہ آپ کی تنظیم پروگرامز کی رسائی میں مزید وسعت دے گی۔