شیخ رشید کی درخواست پر سماعت، سپرنٹنڈنٹ جیل کی عدم حاضری پر تحریری جواب طلب
01-26-2024
(ویب ڈیسک) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شیخ رشید احمد کی اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کر لیا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کی انتظامیہ کے خلاف شیخ رشید کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی،اے ٹی سی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔ سپرنٹنڈنٹ کی عدم حاضری پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود شیخ رشید کو فیملی سے ملاقات کیوں نہیں کروائی جا رہی، جیل انتظامیہ نے انہیں گرفتار نہیں کیا بلکہ عدالتی احکامات پر انہیں وہاں بھیجا گیا۔ شیخ رشید کے وکیل سردار شہباز نے توہینِ عدالت کی ایک اور درخواست بھی دائر کر دی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید کو جیل میں بی کلاس نہیں دی جا رہی، جیل انتظامیہ نے عدالت کو جواب دیا کہ شیخ رشید کو بی کلاس جیسی ہی سہولیات دی جا رہی ہیں۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کر تے ہوئے انہیں تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔