عام انتخابات: پنجاب پولیس کا سکیورٹی کیلئے تمام ذرائع استعمال کرنیکا فیصلہ

01-26-2024

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے عام انتخابات کے دوران سکیورٹی کے لئے اپنےتمام ذرائع استعمال کرنے کافیصلہ کرلیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 میں ڈیوٹی دینے والےایک لاکھ 60 ہزار رضاکار ڈیوٹی پر تعینات نہیں کئے جائیں گے، رضاکاروں کی کمی پوری کرنے کےلئے تمام پولیس ملازمین تعینات کئے جائیں گے، رضاکاروں کی تعیناتی نہ ہونے سے 45 کروڑ سے زائد کی رقم کا فائدہ ہوگا۔ حکام کے مطابق الیکشن 2024 میں 1لاکھ 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ 66 ہزار فوج و رینجرز تعینات ہوگی،  13ہزار 100 لیڈی اہلکارسکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر 5، حساس پولنگ سٹیشنز پر 4 اور نارمل پولنگ سٹیشن پر 3 اہلکارتعینات ہونگے،  5 پولنگ سٹیشنز پر ایک موٹرسائیکل پر 2 رکنی سکواڈ پٹرولنگ کرےگا جبکہ 25 پولنگ سٹیشنز پر چھ اہلکار پٹرولنگ ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ حکام نے بتایا کہ کوئیک رسپانس کےلئے ہرضلع میں ایس ایچ او 10جوانوں کے ساتھ اپنے علاقہ میں موجود رہےگا،  ڈی ایس پی 20 جوانوں کے ساتھ اپنے سرکل میں موجود ہونگے،ڈی پی او40 اہلکاروں کےساتھ کوئیک رسپانس کے طور پر موجودہونگے، ہرضلع میں 3ریزرو ٹیمیں کوئیک رسپانس کے طور پر موجود رہیں گی۔