شعیب ملک پر میچ فکسنگ کا الزام بے بنیاد ہے: بی پی ایل فرنچائز

01-26-2024

(ویب ڈیسک) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی فرنچائز فارچیون باریسل نے پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک پرمیچ فکسنگ کے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مبینہ طور پر فکسنگ کے شبے کے بعد شعیب ملک کا فارچیون باریسل سے کنٹریکٹ ختم ہوا۔ باریسل ٹیم کے میڈیا مینجر سکندر نے شعیب ملک کے حوالے سے بنگالی میڈیا کے دعوے اور اطلاعات کو  بے بنیاد قرار دیا ہے۔ میڈیا مینجر سکندر کا موقف ہے کہ شعیب ملک 6 فروری کو دوبارہ آکر کھیلنے کے خواہش مند تھے لیکن ان کی اس تجویز کو قبول نہیں کیا گیا جس کے بعد باہمی رضامندی سے معاہدہ ختم ہوا۔ دوسری جانب شعیب ملک نے میڈیا رپورٹس کو غلط ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے طے شدہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے دبئی میں ہوں، واپس جا کر کھیلنا چاہتا تھا لیکن لیگ انتظامیہ راضی نہیں ہوئی، باقی سب باتیں بکواس ہیں۔ واضح رہے کہ شعیب ملک نے ایک اوور میں تین نو بالز کروائی تھیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر میچ فکسنگ کے الزامات لگائے جا رہے تھے۔