ریلوے میں کم از کم 32 ہزار تنخواہ پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ جاری ہے: سی ای او

01-26-2024

(ویب ڈیسک) چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ ریلوے میں کم از کم تنخواہ 32 ہزار پر ورکنگ جاری ہے۔

چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ ریلوے میں کم از کم تنخواہ 32 ہزار پر عملدرآمد کیلئے دن رات ورکنگ جاری ہے، اس کی جلد منظوری لے لیں گے، پچھلے سال ڈیزل کی قیمت میں اسی روپے تک اضافہ ہوا مگر ریلوے نے اس تناسب سے کرائے نہیں بڑھائے اورسارا بوجھ خود برداشت کیا، اگر حکومت نے ڈیزل پرائس میں کمی کی تو کرایوں میں کمی پر ضرور غور کریں گے۔ گزشتہ روز فیس بک ای کچہری میں عوام کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا جہاں کمرشلی ممکن ہوا، ٹرینوں کو سٹاپ دیں گے،سبی ہرنائی سیکشن پر مسافروں کے لئے ٹرین بحال کردی،مرحلہ وار مزید ٹرینوں کی بحالی کا کام جاری ہے،سٹیشنوں پر واش رومز کی حالت بہتر بنا رہے ہیں، نئی چارجنگ پورٹس بھی خرید لی گئی ہیں جو جلد ٹرینوں میں انسٹال کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کی حالت بھی بہتر کر رہے ہیں، کراچی ایکسپریس کے بعد سکھر ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس کی کوچز کی کنڈیشن میں تبدیلی نظر آئے گی، ملازمین کو گریجویٹی کی پیمنٹ ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے منسلک ہے، یہ سلسلہ ترتیب وار چلے گا۔