پی ایس ایل 9 شروع ہونے سے پہلے لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا

01-26-2024

(ویب ڈیسک) افغان لیگ سپنر راشد خان پاکستان سپر لیگ سیزن 9 سے دستبردار ہوگئے۔

افغان کرکٹر راشد خان پی ایس ایل 9 سے دستبردار ہوگئے، وہ  کمر کے آپریشن کے باعث پی ایس ایل میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ راشد خان گزشتہ تین پی ایس ایل سیزن سے لاہور قلندرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ دسمبر میں ہونے والے ڈرافٹ میں لاہور قلندرز نے راشد خان کو سلور کیٹیگری میں پک کیا تھا تاہم ان سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ پی ایس ایل کا رواں سیزن نہیں کھیل سکیں گے۔ تاہم اب راشد خان باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں کیونکہ ان کے ری ہیب کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ لیگ سپنر کی نومبر میں سرجری ہوئی تھی۔ لاہور قلندرز سپلیمنٹری کیٹیگری اور متبادل ڈرافٹ میں راشد کی جگہ کسی اور کھلاڑی کا انتخاب کرسکے گی جس کی پی سی بی نے بھی تصدیق کردی ہے۔ راشد خان رواں ماہ کے شروع میں ٹی 20 سیریز کے دوران بھارت پہنچے لیکن وہ کھیلنے کے لیے کافی فٹ نہیں تھے۔ اس سے قبل بگ بیش لیگ اور ایس اے ٹوئنٹی دونوں سے دستبردار ہو چکے تھے۔