شہباز شریف نے ناراض پارٹی رہنما کو راضی کر لیا

01-26-2024

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض پارٹی رہنما جہانگیر سلطان بھٹہ کو راضی کر لیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 225 پر پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض رہنما جہانگیر سلطان بھٹہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے سابق رکن اسمبلی جہانگیر سلطان بھٹہ کو منا لیا۔ جہانگیر سلطان بھٹہ نے مسلم لیگ ن کی حمایت میں انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ جہانگیر سلطان بھٹہ نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 154 اور پنجاب اسمبلی کی حلقے پی پی 225 پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ میرے الیکشن میں رہنے سے ن لیگ کا ووٹ تقسیم ہوتا ، میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ میاں جہانگیر پرانے ساتھی ہیں، الیکشن سے دستبرداری پر شکر گزار ہوں۔