سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کا میٹرک کے امتحانات ایک ماہ کیلئے ملتوی کرنے سے انکار
01-25-2024
(لاہور نیوز) سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب اور چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات ملتوی کئے جانے کا مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں واقع پرائیویٹ سکولوں کے مالکان نے میٹرک کے امتحانات ایک ماہ کیلئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کو ماننے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب اور چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ نے انکار کر دیا۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے وفد کے دیگر مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کروا دی گئی جس کے بعد وفد نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے کا فیصلہ پانچ روز کے لئے موخر کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کے ایک وفد نے گزشتہ روز سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب اور چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ سے ملاقات کی اور ان سے میٹرک کے امتحانات ایک ماہ کے لئے ملتوی کئے جانے اور نجی سکولوں پر عائد کئے گئے مختلف ٹیکسوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔