داتا دربار کی توسیع کا منصوبہ منظوری کے مراحل میں داخل،حتمی پلان تیار

01-25-2024

(لاہور نیوز) داتا دربار کی توسیع کا منصوبہ منظوری کے مراحل میں داخل ہو گیا۔

 17 کنال چار مرلہ اراضی پر داتا دربار کی توسیعی بلڈنگ کا تخمینہ اور حتمی پلان تیارکر لیا گیا،اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے توسیعی عمارت کی تعمیر کا تخمینہ تیار کروایا۔ دستاویزات کے مطابق  15 کروڑ 82 لاکھ روپے  لاگت سے 17 کنال چار مرلہ پر بلڈنگ سٹرکچر بنایا جائے گا، شفٹنگ چارجز  کی مد میں 2کروڑ 37 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی سفارشات پر کابینہ کمیٹی نے توسیعی عمارت کی تعمیر کے لیے فنڈز کی منظوری دی،منصوبے پر ڈپٹی کمشنر ، اے سی  سٹی، زونل ایڈمنسٹریٹر داتا دربار، سب ڈویژنل آفیسر اور منیجر اوقاف داتا دربار عملدرآمد کروائیں گے۔ کابینہ کمیٹی  کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو فنڈز کی فراہمی نان ڈویلپمنٹ سائیڈ سے بطور سپلیمنٹری گرانٹ کی جائے گی۔