ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کیخلاف آپریشن

01-25-2024

(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کیخلاف نان سٹاپ آپریشن جاری ہے۔

پنجاب بھر میں گزشتہ ماہ 4 کروڑ 34 ہزار لٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ، 3 لاکھ 77 ہزار لٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا، 19 ہزار 600 ملک شاپس اور 52 ہزار 500 سے زائد دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ جاری ہے۔ 3لاکھ 77 ہزار لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف، 4 کروڑ 31 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے پنجاب بھر میں گزشتہ ماہ 4 کروڑ 34 ہزار لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا، موقع پر کئے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، تلف کئے گئے دودھ میں پانی، کیمیکل کی ملاوٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی پائی گئی۔ ملاوٹی دودھ کا استعمال معدہ اور جگر کی مختلف امراض میں مبتلا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب کے ہر گھر میں سپلائی کئے جانے والے دودھ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندی کر کے چیکنگ کی جا رہی ہے، شہری گھروں میں استعمال کئے جانے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے چیک کروا سکتے ہیں، دودھ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، شہری ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کی اطلاع 1223 پر دیں۔