ن لیگ کے سوا کسی بھی جماعت نے کوئی کام نہیں کیا: مریم نواز

01-25-2024

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ کے سوا کسی بھی جماعت نے کوئی کام نہیں کیا۔

حلقہ این اے 119 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ  آپکی بیٹی مریم نواز آپکی خدمت میں سلام پیش کرتی ہے، میں نے این اے 119 میں پہلی بار قدم رکھا ہے، میں یہاں  الیکشن لڑنے کی اجازت لینے آئی تھی آپ نے فیصلہ سنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں بھی این اے 119 کا انتخاب کیا انہوں نے مجھے نااہل کردیا، مجھے ایسے نااہل کیا گیا جیسے میں کسی سرکاری عہدے پر فائز رہی ہوں،  مجھ پر الزام یہی تھا کہ اپنے والد کا ساتھ کیوں دیا، چاہے جان چلی جاتی لیکن میں اپنے والد کے قدم سے قدم ملاکر چلی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے علاوہ کسی جماعت نے کچھ نہیں کیا، ن لیگ کے علاوہ  دیگر جماعتوں کا کام صرف تنقید کرنا ہے، ایک جماعت ایسی ہے جو نہ تنقید کرتی ہے نہ تنقید کا جواب دیتی ہے،   ہمارے کام اتنے ہیں کہ بتانے کے لیے بہت کچھ ہے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ کچھ جماعتیں پنجاب میں ایسی آئی ہوئی ہیں جنہوں نے صوبے میں 15سال حکومت کی، ان سے 15سال کی کارکردگی پوچھ لو تو بتانے کو کچھ نہیں، میں نوازشریف کے 8سالوں میں 1500منصوبے گنوا سکتی ہوں، کچھ لوگ کہہ رہے ہیں نوازشریف نے ابھی تک منشور نہیں دیا، نوازشریف آئندہ چند دنوں میں منشور دیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جو منشور دیا اس پر عمل بھی کیا، نوازشریف نے صرف کاغذ پر لکھ کر منشور نہیں دیا، نوازشریف عوام کی تکالیف کو دور کرنے کی ہمیشہ بات کررہے ہوتے ہیں، لاہور اور پنجاب کا دل بہت بڑا ہے، جس جگہ نوازشریف کو مینڈیٹ نہیں ملا وہاں بھی خدمت کے نشان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں آکر نوازشریف پر تنقید کی جاتی ہے لیکن پنجاب نوازشریف پر تنقید نہیں سنتا، لیڈر کا سب سے بڑا حق ہوتا ہے اپنے حلقے میں جائے، میرا بس چلے تو این اے 119کے ہر گھر کے دروازے پر دستک دوں، مجھے نوازشریف کے ساتھ پورے ملک میں جانا ہوتا ہے، میری خواتین کی ٹیم این اے 119کی ہر گلی میں موجود ہے۔ چیف آرگنائزر ن لیگ نے مزید کہا کہ میں وہ امیدوار بالکل نہیں جس کو لوگ مسائل پرچی پر لکھ کردیتے ہیں، میں وہ امیدوار ہوں جو خود گھر سے چل کر مسائل معلوم کرنے آیا ہے، ہم نے یہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جانا، 8فروری کو اس ملک کی خاطر آپ نےصبح صبح گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنا ہے، آپ نے اپنے دوستوں اور گھر والوں کو بھی ووٹ ڈالنے کا کہنا ہے۔