اس طرح الیکشن کرانے سے ملک کسی صورت نہیں چلے گا : شاہد خاقان

01-25-2024

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اس طرح الیکشن کرانے سے ملک کسی صورت نہیں چلے گا میں اس سیاست سے اتفاق نہیں کرتا جہاں آج مسلم لیگ ن کھڑی ہے۔

شاہد خاقان عباسی اپنے کوآرڈی نیٹر کے ساتھ اینٹی کرپشن کے آفس پہنچ گئے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملہ کیا ہے خود پتا کرنے آیا ہوں، حافظ عثمان کو آج طلب کیا گیا حافظ عثمان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ن لیگ کا ٹکٹ مانگا حافظ عثمان کو جو نوٹس دیا گیا کلیئر نہیں، الیکشن سے پہلے لوگوں کو کبھی پولیس بلا رہی ہے، کبھی نیب اور کبھی اینٹی کرپشن بلا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں بھی یہی ہوتا رہا اب پھر سے طلبیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، پکڑ دھکڑ سے الیکشن متنازع ہو جاتے ہیں، الیکشن کمیشن موجودہ الیکشن کو جتنا غیر متنازع بنائے اتنا اچھا ہوگا لیکن یہ کیسا الیکشن ہے کہ الیکشن کے دوران نمائندوں کو طلب کیا جارہا ہے، انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو الیکشن نہیں لڑ رہا اس کے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا جو الیکشن لڑے گا اس کے ساتھ کیا ہوگا؟ کسی کی سپورٹ سے ملک نہ پہلے چلا ہے نہ آئندہ چلے گا، اس طرح الیکشن کرانے سے ملک کسی صورت نہیں چلے گا، آئینی عمل متنازع بنا کر ملک کبھی نہیں چلتے، الیکشن کے عمل کو غیر متنازع بنائیں اور شفاف الیکشن کرائیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ سے میرا کوئی اختلاف نہیں ،میں 35 سال سے ن لیگ سے منسلک ہوں، میں اس سیاست سے اتفاق نہیں کرتا جہاں آج مسلم لیگ ن کھڑی ہے، میری مسلم لیگ ن سے کوئی ناراضی نہیں ہے میں نے ٹکٹ کے لیے بھی اپلائی نہیں کیا اور ن لیگ کے خلاف کوئی الیکشن بھی نہیں لڑا، نواز شریف نے وطن واپسی پر مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔