پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کا امکان

01-25-2024

(ویب ڈیسک) 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد اس بار نگران حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا قوی امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے 31 جنوری سے 15 فروری تک کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جا سکتا ہے تاہم اس سے متعلق حتمی فیصلہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز کے بعد کیا جائے گا۔ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے تو یہ یکم نومبر 2023 کے بعد پہلا اضافہ ہو گا۔پٹرولیم مصنوعات پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار صورتحال مختلف ہو گی کیونکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مشرق وسطیٰ میں حوثی باغیوں کے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کے باعث تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے کا اثر پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر پڑے گا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پٹرول کی قیمت 83 ڈالر سے بڑھ کر 89 ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 93 ڈالر سے بڑھ کر 97 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔