پی سی بی میں جلد اور شفاف انتخاب اولین ترجیح ہے: شاہ خاور

01-25-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے عارضی چیئرمین الیکشن کمشنر شاہ خاور نے پی سی بی میں جلد اور شفاف انتخاب کو اولین ترجیح قرار دے دیا۔

پی سی بی ہیڈکوارٹر قذافی سٹیڈیم میں چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے نگران وزیراعظم اور پیٹرن کرکٹ بورڈ انوار الحق کاکڑ کی جانب سے ان پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  جس مقصد کے لیے ذمہ داری سونپی گئی ہے، پوری ایمانداری کے ساتھ ذمہ داری نبھانے کی کوشش کریں گے تاکہ پی سی بی کے انتخابات ہر پہلو سے شفاف ہوسکیں۔ قبل ازیں، وہ لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹر قذافی سٹیڈیم پہنچے تو چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور دوسرے سٹاف نے ان کا استقبال کیا، ان کو پھول پیش کیے، پہلے روز پی ایس ایل، الیکشن اور دوسرے کرکٹ امور پر بریفنگ رکھی گئی ۔ شاہ خاور گزشتہ شب اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے، شاہ خاور چار ہفتوں میں گورننگ بورڈ کی تشکیل کے ساتھ نئے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب یقینی بنائیں گے۔ اس دوران، وہ پی ایس ایل سمیت تمام دوسرے امور کے روزہ مرہ معاملات بھی دیکھیں گے۔ ایک ماہ میں پی سی بی کے انتخابات کرانے کا ٹاسک شاہ خاور کو سونپا گیا ہے۔ دوسری جانب، پیٹرن پی سی بی کی طرف سے بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی شاہ خاور سے ملاقات کا فوری امکان نہیں،عمرہ ادائیگی کے لیے محسن نقوی کی سعودی عرب روانگی پلان ہے، جہاں سے ان کی واپسی 29 جنوری کو ہوگی۔