شوبزشخصیات کوعوامی رائے سے مسئلہ ہے تو تصاویرسوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں: مشی خان

01-25-2024

(ویب ڈیسک) ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے اُن شوبز شخصیات کو کرارا جواب دیا ہے جو سوشل میڈیا صارفین کی رائے پر تنقید کرتی نظر آتی ہیں۔

مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ “فیس بُک، ایکس، ٹک ٹاک، انسٹاگرام وغیرہ عوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہیں، یہاں اگر آپ اپنی تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں تو آپ یہ کیسے اُمید رکھ سکتے ہیں کہ لوگ آپ کی پوسٹ پر منفی تبصرے نہیں کریں گے”۔ اداکارہ نے بشریٰ انصاری کا نام لیے بغیر کہا کہ “جب سوشل میڈیا صارفین کسی کی تصویر پر تبصرے کرتے ہیں تو آپ جیسے لوگ اُٹھ کر کہتے ہیں کہ کسی کی نجی زندگی پر تبصرے نہیں کرنے چاہیے، بھئی! اگر شوبز شخصیات کو عوامی رائے سے اتنا ہی مسئلہ ہے تو اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کریں”۔ اُنہوں نے کہا کہ “سوشل میڈیا پر لاکھوں کروڑوں لوگ ہیں، یہاں ہر ایک کی اپنی سوچ ہے تو جب آپ اپنی نجی زندگی کے معاملات کو سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے تو ظاہر سی بات ہے کہ لوگ اُس پر ہر طرح کے تبصرے بھی کریں گے”۔ مشی خان نے کہا کہ “جب آپ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کریں گے تو کچھ لوگ اچھے تبصرے کریں گے، کچھ لوگ منفی تبصرے کریں گے، گالیاں بھی دی جائیں گی اور غلط باتیں بھی بولی جائیں گی کیونکہ ہر ایک کی اپنی سوچ ہے”۔ اداکارہ نے کہا کہ “اگر آپ کو عوامی رائے سے تکلیف ہے تو اپنی عقل کا استعمال کرتے ہوئے اپنی تصاویر کو نجی رکھیں، اپنے گھر میں ایل ای ڈی پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز لگا کر دیکھیں، پھر کوئی آپ کے خلاف تبصرے نہیں کرے گا”۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ “کچھ تو خدا کا خوف کریں، عقل سے کام لیں اور اپنی غلطی کو عوام کی غلطی کہنا بند کریں”۔ واضح رہے کہ مشی خان کا یہ ردعمل بشریٰ انصاری کی ویڈیو کے بعد آیا ہے، دراصل بشریٰ انصاری نے ثنا جاوید اور شعیب ملک کی شادی پر تنقید کرنے والوں کے لیے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا تھا۔ بشریٰ انصاری نے کہا تھا کہ لوگوں میں خدا کا خوف ہی نہیں ہے، شعیب ملک اور ثنا جاوید نے شادی کرلی ہے، اچھی بات ہے، اللہ پاک دونوں کو خوش رکھے لیکن میں یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ ہمیں یہ حق کس نے دیا ہے کہ ہم کسی کی نجی زندگی پر سوال یا تبصرے کریں؟