ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، وزارتوں کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ
01-24-2024
(ویب ڈیسک) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا دو روزہ اجلاس شروع ہو گیا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا آج شروع ہونے والا آٹھواں اجلاس دو دن تک جاری رہے گا، اجلاس میں مختلف پالیسی سطح کے اقدامات اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے کی، اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ ایس آئی ایف سی اجلاس کے پہلے روز متعلقہ وزارتوں نے مختلف منصوبوں اور متعلقہ پہلوؤں پر پیشرفت پیش کی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی سفارشات کیں۔ کمیٹی نے مختلف شعبوں میں مجموعی پیشرفت اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مقامی اور عالمی سطح پر اقتصادی روابط کو بھی سراہا، کمیٹی نے متحدہ عرب امارات اور کویت کے ساتھ طے پانے والے مفاہمتی یادداشتوں اور فریم ورک کے معاہدوں کے تحت بینک کے قابل عمل منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ ان معاہدوں کو منافع بخش بنانے کے لئے متعلقہ کام کو تیز کریں، کمیٹی نے اہم شعبوں میں حال ہی میں شروع کئے گئے اقدامات کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے بروقت عمل درآمد کی ہدایت کی۔