ثناجاوید کی دوسری شادی، احمد علی بٹ کی عمیر جسوال کو تسلی

01-24-2024

(ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کے معروف کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے اداکارہ ثنا جاوید کے سابق شوہر گلوکار عمیر جسوال کو تسلی دیتے ہوئے اُنہیں سچا اور شریف آدمی قرار دے دیا۔

اداکارہ و ماڈل ثنا جاوید کی اچانک پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی خبر نے مداحوں کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری کو بھی حیران کردیا۔ ثنا جاوید نے سال 2020 میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دنوں میں گلوکار عمیر جسوال سے نکاح کیا تھا جس کا اعلان دونوں فنکاروں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا تھا۔ اب شعیب ملک اور ثنا جاوید کی اچانک شادی کے اعلان کے بعد مداح ثانیہ مرزا اور عمیر جسوال کے ساتھ ہمدردی کررہے ہیں۔ اس معاملے پر  معروف اداکار احمد علی بٹ نے عمیر جسوال کے لیے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں گلوکار کو ایک بہادر شیر اور سونے کا دل رکھنے والا سچا شریف آدمی قرار دیا۔ احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ ہم سب کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں لیکن ہمیں ہمت کرکے اُس آزمائش سے سیکھنے اور آگے بڑھنے کی ضرورت ہوتی ہے،میرے بھائی عمیر! اللہ آپ کو اور آپ کے خاندان کو ہمیشہ خوش رکھے۔